واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے واشنگٹن میں ملاقات کی،
جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائنز پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے اسٹاف سطح کے معاہدے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حکومت کی جانب سے جاری اصلاحات مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انہوں نے آئی ایم ایف سربراہ کو یقین دہانی کرائی کہ ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے، نجکاری، سرکاری اداروں، پنشن اصلاحات اور قرضوں کے انتظام سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں امریکی ٹیرف پر بات چیت ترجیح، جوابی اقدامات نہیں اٹھائیں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی اہمیت پر بھی زور دیا اور پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کرسٹالینا جورجیوا کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ بھی کیا، جس کا مقصد دونوں فریقین کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔





