وزیراعلیٰ علی امین نے کہا ہے کہ پاک افغان مذاکرات ایک خوش آئند پیش رفت ، تاہم اتنے اہم امور پر اکیلے جانا کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے حالیہ دورۂ افغانستان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم دورے میں صوبائی حکومت کو نظر انداز کیا جانا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاک افغان مذاکرات ایک خوش آئند پیش رفت ہے، تاہم اتنے اہم امور پر اکیلے جانا کسی کے بھی مفاد میں نہیں،خیبرپختونخوا ان مذاکرات میں سب سے بڑا اسٹیک ہولڈر ہے، اور اسے مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت نے مذاکرات کے لیے ٹی او آرز بھی ارسال کیے تھے، لیکن ان پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا،بات کرتے ہوئے تشویش ظاہر کی کہ مذاکرات اور معاہدوں کی تفصیلات صوبائی حکومت سے شیئر نہیں کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وفاقی حکومت ہمارے تیار کردہ جرگے کو تسلیم کرے تو پاک افغان تعلقات میں خاطر خواہ بہتری لائی جا سکتی ہے، ہماری سرحدی اور قبائلی نوعیت کی قربت ہمیں ان مسائل پر زیادہ بہتر انداز میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دیتی ہے۔





