ہری پور: جنگلی چیتا آبادی میں گھس آیا، متعدد بکریاں مار ڈالیں

ہری پور: خانپور کی بالائی بستی چسکلاں میں جنگلی چیتے کے داخل ہونے سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ چیتے نے دو گھروں پر حملہ کیا اور متعدد قیمتی بکریاں ہلاک کر ڈالیں، جبکہ ایک مقامی شہری پر بھی حملے کی کوشش کی۔

عینی شاہدین کے مطابق چیتا رات کے وقت گاؤں میں داخل ہوا اور غریب کسان کے مویشی خانے پر حملہ کر کے کئی بکریاں مار ڈالیں۔ حملے کے دوران جب ایک مقامی شخص نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو چیتے نے اس پر جھپٹنے کی کوشش کی، تاہم گاؤں والوں کے شور شرابے سے چیتا گھبرا کر قریبی جنگل کی طرف بھاگ گیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ایک شیر کے حملے میں باپ اور بیٹا زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں مویشیوں کو جنگلی جانور ہلاک کر چکے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ جنگل میں خوراک کی کمی کے باعث جنگلی شیر، چیتے اور ریچھ قریبی پہاڑی دیہات کا رخ کرتے ہیں اور غریب کسانوں کے مویشی ان کا آسان شکار بن جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہری پور: تربیلہ ڈیم میں پھنسے 80 مسافروں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا

مقامی افراد نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں، جنگلی جانوروں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جائے، اور مقامی آبادی کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایسے جان لیوا واقعات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top