بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے وکلا کی حالیہ ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آ گئی ہے۔

ملاقات میں عمران خان نے پارٹی کے حالیہ تنازعات اور قانونی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔

عمران خان نے وکیل شیر افضل مروت کے حالیہ بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور شیخ وقاص اکرم کو ہدایت دی کہ ان الزامات کا دو ٹوک اور مؤثر جواب دیا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی میں “پلانٹ” کیا گیا تھا اور اب ان سے جان چھوٹنے پر اطمینان ہے۔

ملاقات میں عمران خان نے خیبرپختونخوا میں متنازع مائنز اینڈ منرلز بل پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اس معاملے پر وضاحت کے لیے فوری ملاقات کا حکم دیا۔

انہوں نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو ہدایت کی کہ آپس کے تمام اختلافات ختم کیے جائیں اور پارٹی کے بیانیے اور مقاصد پر یکسوئی سے کام کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے ہمیں اڈیالہ سے اٹھاتے ہیں اور موٹروے پر چھوڑ دیتے ہیں، علیمہ خان

عمران خان نے قانون کی عملداری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینئر قانون دان سلمان اکرم راجہ کو چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کی ہدایت دی، تاکہ عدلیہ سے آئینی اور قانونی تحفظات پر مؤقف واضح کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران عمران خان کا لہجہ خاصا سخت تھا، اور انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی میں نظم و ضبط اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے، تاکہ سیاسی اور قانونی محاذ پر مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top