ہری پور: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ہری پور نے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ہری پور پرویز اختر کی زیر نگرانی ایکسائز ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کی اور کئی اہم جگہوں کو سیل کر دیا۔
ایکسائز ٹیموں نے گزشتہ روز 30 سے زائد دکانوں، ریجنل آفس، پٹرول پمپ اور سروس سٹیشن کو سیل کیا۔ اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر یاسر شہزاد، سینئر انسپکٹر عبدالمنصور، انسپکٹر شیر باز، انسپکٹر فہیم رضا، انسپکٹر محمد علی، انسپکٹر ولائیت خان اور انسپکٹر محبوب الہی نے اس کارروائی کی قیادت کی۔
ان ٹیموں نے کامیابی کے ساتھ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے عمل کو مکمل کیا اور ایک روز میں 32 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی، جو سرکاری خزانے میں جمع کر دی گئی۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ سیل شدہ پراپرٹیز کے ٹیکس کی وصولی کے بعد انہیں ڈی سیل کر دیا جائے گا۔ ہری پور شہر میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی جائے گی اور مزید رعایت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ہری پور: جنگلی چیتا آبادی میں گھس آیا، متعدد بکریاں مار ڈالیں
یہ کارروائی ہری پور میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو ٹیکس کی ادائیگی میں آسانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے خزانے میں اضافہ کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔