عرفان محسود: 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

پاکستان کے معروف مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے صرف 9 سال کے قلیل عرصے میں 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

عرفان محسود نے حال ہی میں 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 78 سکواٹس مکمل کر کے چینی ایتھلیٹ کے 70 سکواٹس کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ ان کا شمار دنیا کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے وزن کے ساتھ متعدد سخت جسمانی مشقوں میں عالمی سطح پر نام بنایا ہے۔

مارشل آرٹس، پش اپس، سکواٹس، جمپنگ جیکس، سٹیپ اپس، نی سٹرائکس، ایلبو سٹرائکس، سائیڈ جمپس، ہائی جمپس اور سٹار جمپس سمیت مختلف کیٹیگریز میں انہوں نے بے شمار ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں۔ صرف پش اپس کی کیٹیگری میں عرفان محسود عالمی سطح پر 70 سے زائد ریکارڈز کے حامل ہیں۔

عرفان محسود نے مختلف وزن جیسے کہ 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ کے ساتھ سب سے زیادہ ورلڈ ریکارڈز بنائے ہیں، جن کی مجموعی تعداد 40 سے زائد ہے۔

انہوں نے اب تک 20 ممالک بشمول امریکہ، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، شام اور پاکستان کے ریکارڈز توڑ کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر یاسر خان کی دھواں دار اننگز کے چرچے

عرفان محسود کی کامیابیوں کا دائرہ صرف ان تک محدود نہیں، بلکہ ان کے 20 شاگرد بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں، جو ان کے کوچنگ کے معیار اور اثر و رسوخ کا ثبوت ہیں۔

حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2023 میں “صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی” سے نوازا، جو ان کی انتھک محنت اور پاکستان کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔

Scroll to Top