Khyber Pakhtunkhwa Assembly

خیبر پختونخوا اسمبلی کا ٹیلی کام کمپنیوں پر جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ، قرارداد منظور

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون نیٹ ورک کی ناقص سروسز کے خلاف اہم قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

یہ قرارداد پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن اسمبلی عبید الرحمان نے پیش کی۔ قرارداد میں دیر لوئیر کے صارفین کی مشکلات کو اجاگر کیا گیا ہے، جنہیں سالانہ 2 ارب 67 کروڑ روپے ٹیلی کام کمپنیوں کو ادا کرنے کے باوجود ناقص سہولیات کا سامنا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ علاقے کے طلبہ آن لائن تعلیم، ریسرچ اور تعلیمی مواد تک رسائی سے محروم ہیں، جس سے ان کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ عوام کا قیمتی وقت اور سرمایہ ضائع ہو رہا ہے، اور اس صورت حال سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ناقص کارکردگی دکھانے والی ٹیلی کام کمپنیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں اور صوبائی حکومت، وفاقی حکومت سے مطالبہ کرے کہ نیٹ ورک کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس: خیبر پختونخوا کی سیاسی جماعتوں نے مائنز اینڈ منرلز بل مسترد کردیا

Scroll to Top