خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں، آئی جی پولیس

سوات: انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حامد نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوات ایک پرامن وادی ہے اور آئندہ بھی پرامن ہی رہے گی۔

پولیس لائن سوات میں میڈیا بریفنگ کے دوران آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اپنی ذمہ داریاں ہر محاذ پر پوری ایمانداری سے نبھا رہی ہے۔ انہوں نے جنوبی اضلاع کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جلد حالات میں بہتری آئے گی، اس مقصد کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سرگرم عمل ہیں اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ محکمہ پولیس میں جلد ترقیوں کا عمل شروع کیا جا رہا ہے جبکہ انضباطی کارروائیوں کے لیے منصفانہ نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے بتایا کہ دو اسٹروک رکشوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں اور جیمرز سمیت دیگر آلات خریدے جا رہے ہیں تاکہ دہشتگردی اور دیگر خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ گریڈ 18 سے اوپر کے سینئر افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں صرف صوبائی حکومت کی منظوری سے اور قانون کے مطابق ہوں گی۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں کو پنجاب اور دیگر صوبوں کی پولیس کے برابر لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ اہلکاروں کی مالی مشکلات کم ہوں اور ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔ اختتام پر آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بہادری کو سراہا۔

Scroll to Top