اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پہلگام واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے بھارتی سفارتکاروں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ بار کے صدر نے اس واقعے کو بھارت کی ایک اور ناکام سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے اور کلبھوشن یادیو اس کی زندہ مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اگر جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی افواج ملکی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
سپریم کورٹ بار کے صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور مظالم فوری طور پر نوٹس میں لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں پہلگام واقعہ: بھارت اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے سے گریز کرے، مولانا فضل الرحمن
ان کا کہنا تھا کہ بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی بڑھا کر عالمی توجہ اپنی اندرونی ناکامیوں سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، جسے پاکستان کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گا۔