وزیر خزانہ اورنگزیب کی واشنگٹن میں عالمی شراکت داروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

واشنگٹن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اجلاس کے موقع پر چین اور سعودی عرب کے وزرائے خزانہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی چینی ہم منصب لان فوان سے ملاقات کے دوران پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور سماجی و معاشی ترقی میں چین کے کردار کو سراہا گیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام میں پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی وزیر کو ملک میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں پیشرفت، نجکاری، سرکاری مالیات اور ادارہ جاتی اصلاحات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق تازہ صورتحال بھی زیر غور آئی۔ وزیر خزانہ نے پانڈا بانڈ کی کامیاب پیش رفت کے لیے پیپلز بینک آف چائنا سے تعاون کی درخواست کی اور چینی وزیر خزانہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دوسری جانب وزیر خزانہ اور سینیٹر محمد اورنگزیب کی سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان سے بھی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی مالیاتی استحکام کی کوششوں میں سعودی عرب کے تعاون، خاص طور پر آئی ایم ایف پروگرام میں معاونت، پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر آج روانہ ہو نگے

محمد اورنگزیب نے سعودی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی وزیر خزانہ کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ باہمی تعاون کو مزید تقویت دی جا سکے۔

Scroll to Top