پشاور : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا .
سنٹر کی سہولیات، خدمات اور مسائل پر بریفنگ لینے کے بعد اہم اعلانات کیے۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزراء بیرسٹر سیف، احتشام علی اور ہمایوں خان بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے مریضوں سے ملاقات کی ان کے علاج معالجے کا جائزہ لیا اور سنٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیراپلیجک سنٹر کے لیے 50 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا جبکہ سالانہ ریگولر گرانٹ کو 300 ملین روپے سے بڑھا کر 400 ملین روپے کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلیٰ نے سنٹر کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بقایا 75 ملین روپے فوری طور پر جاری کرنے کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ سنٹر کی توسیع کے لیے خریدی گئی زمین کی ادائیگی اور ادارے کو 500 بیڈز تک وسعت دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں ایسٹر کے موقع پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا تہنیتی پیغام
علی امین گنڈاپور نے صحت کارڈ میں مزید سہولیات شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب کڈنی، بون میرو، لیور ٹرانسپلانٹ، امپلانٹس کو بھی صحت کارڈ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی تھیلیسیمیا اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو بھی صحت کارڈ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے معاشرے کے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کی بحالی میں تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا معذوری کو مجبوری نہ سمجھیں، خدمت اور حوصلے سے جئیں۔ اجتماعی سوچ اور خدمت کے جذبے سے ہی کامیابی ممکن ہے۔