سینئر تجزیہ کار اور سیاسی مبصر حفیظ اللہ نیازی نے بانی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی داؤ پیچ میں’’صفر بٹا صفر‘‘ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ عمران خان ایک سادہ مگر بیک وقت پیچیدہ شخصیت ہیں، عمران خان کی مقبولیت کو اکثر سیاسی کامیابی سے جوڑا جاتا ہے، لیکن اگر دیکھا جائے تو وہ کشمیر جیسے اہم مسئلے پر بھی کوئی واضح مؤقف یا کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ 5 اگست 2019 کو کشمیر ان کے ہاتھ سے گیا، اور وہ کچھ نہ کر سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان میں ذاتی طور پر صلاحیتوں کی کمی نہیں، اللہ تعالیٰ نے انہیں کئی خوبیوں سے نوازا ہے، مگر جب بات سیاسی فہم و فراست، حکمت عملی اور داؤ پیچ کی آتی ہے تو وہ بالکل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
نیازی نے مزید کہا کہ محض مقبولیت کا مطلب سیاسی کامیابی نہیں ہوتا، اور عمران خان کی سیاسی چالیں اکثر انہی کے خلاف چلی جاتی ہیں۔





