ایشیائی بینک کا پاکستان کیلئے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان

ایشیائی بینک کا پاکستان کیلئے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان

پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کا بڑا اقدام، 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان

تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 33کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کر دیا ہے، جو ملک میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط بنانے اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کی جائے گی۔بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس امدادی رقم سے تقریباً 93 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، جن میں زیادہ تر تعداد بچوں، نوجوانوں، خواتین اور آفت زدہ علاقوں کے مکینوں کی ہے۔ رقم کا ایک بڑا حصہ تعلیم کے فروغ کے لیے مشروط نقد امداد پر خرچ کیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے گھرانوں کے بچے تعلیم حاصل کر سکیں۔

مزید برآں، امداد کے تحت بہتر غذائیت کی فراہمی، خواتین اور بچوں کی صحت کی سہولیات، اور بنیادی فلاحی ڈھانچے کی بہتری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان، کرغزستان اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں غربت کی شرح اب بھی بلند ہے اور عوام کی بڑی تعداد ضروری سہولیات سے محروم ہے۔ ان ہی وجوہات کی بنیاد پر اے ڈی بی سماجی فلاحی منصوبوں کی حمایت کر رہا ہے تاکہ ان ممالک میں معاشرتی ناہمواریوں کو کم کیا جا سکے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ اقدام نہ صرف موجودہ اقتصادی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد دے گا بلکہ پائیدار ترقی کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top