پاکستان رینجرز نے پنجاب کے سرحدی علاقے میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اہلکار کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کر لیا۔ اس واقعے کے بعد پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان فلیگ میٹنگ جاری ہے تاکہ معاملے کو سفارتی سطح پر حل کیا جا سکے۔
گرفتار اہلکار کی شناخت کانسٹیبل پی کے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو کولکتہ، مغربی بنگال کے ضلع ہگلی کے علاقے مکھرجی اسٹریٹ کا رہائشی ہے اور گزشتہ 17 سالوں سے بھارتی فورس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔
تلاشی کے دوران پی کے سنگھ کے قبضے سے ایک جی ٹو رائفل، 60 گولیاں، تین میگزین، پانی کی بوتل، دو اگربتیاں (مچھر بھگانے کے لیے)، ایک ٹارچ، ایک واکی ٹاکی سیٹ، ایک لائٹر اور ایک کپڑے کا بیگ برآمد
ہوا۔
پی کے سنگھ نے خود کو 24 بی ایس ایف بٹالین سے وابستہ بتایا، تاہم پاکستانی انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق اس کا تعلق دراصل 182 بی ایس ایف بٹالین سے ہے، جس سے اس کے بیان پر شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔
مزید تفتیش کے لیے اور ‘چائے پلانے’ کے بعد پی کے سنگھ کو ایک نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔