لاہور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان سپر لیگ 2025 کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والا میچ دیکھا۔
میچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے پی ایس ایل کو ملک میں کھیلوں کے فروغ اور دنیا کو امن کا پیغام قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ صرف ایک کرکٹ ایونٹ نہیں بلکہ یہ دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جہاں بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں بھی منعقد ہوں، تاہم خیبر پختونخوا میں تاحال بین الاقوامی معیار کا کرکٹ گراؤنڈ تعمیر نہیں ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10،پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو7وکٹوں سے ہرا دیا
گورنر نے لاہور میں بین الاقوامی معیار کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم آباد رکھنے پر صوبائی حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دیگر صوبوں کو بھی اسی طرز پر کھیلوں کے انفراسٹرکچر پر توجہ دینی چاہیے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔
فیصل کریم کنڈی کا دورہ شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں انہوں نے پشاور زلمی کی جیت پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔