انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا دورہ صوابی

صوابی: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع صوابی کا دورہ کیا

جہاں انہوں نے پولیس کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ ریجنل پولیس آفیسر مردان نجیب الرحمن بگوی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

صوابی پہنچنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اظہر خان نے ان کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے پولیس لائنز صوابی میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا کر ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیا۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا نے تھانہ زیدہ کی نو تعمیر شدہ عمارت، ڈی پی او کمپلیکس، اور پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ تھانہ علاقہ میں امن و امان قائم رکھنے میں معاون ثابت ہوگا اور عوام و پولیس کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کرے گا۔

سہولت مرکز کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تمام اہم خدمات مہیا کرنا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے مرکز کا دورہ کیا، سائلین سے ملاقات کی اور سہولیات کے بارے میں رائے لی۔ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئی جی پی نے انہیں ایمانداری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر ڈی پی او صوابی محمد اظہر نے ضلع میں پولیس فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بریفنگ دی، جس پر آئی جی پی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں آئی جی پولیس کا وزیراعلیٰ کو خط، خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے کا مطالبہ

دورے کے دوران آئی جی پی نے تنازعات کے حل کی کونسل (ڈی آر سی) اور پبلک لیزان کمیٹی (پی ایل سی) کے ممبران سے بھی ملاقات کی اور ان کی بلا معاوضہ خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے اور ڈی آر سی ممبران عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کمیونٹی کی مدد کے بغیر ممکن نہیں، اور پولیس کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے جدید اسلحہ، تربیت، اور بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کی خدمت اور امن کے قیام کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top