تحصیل اتمانخیل میں کھلی کچہری کا انعقاد، عوامی شکایات پر فوری ایکشن

باجوڑ: ضلع باجوڑ کی تحصیل اتمانخیل میں آج ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

جس میں علاقہ مکینوں کی جانب سے مختلف شکایات اور مسائل پیش کیے گئے۔ ڈی پی او نے ان شکایات کو نہ صرف تحمل سے سنا بلکہ موقع پر موجود پولیس افسران کو فوری احکامات جاری کرتے ہوئے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈی پی او باجوڑ نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کے قانونی اور سیکیورٹی مسائل کو براہ راست سننا، پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینا، اور عوام و پولیس کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پولیس عوام کی خادم ہے اور ان کی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے پولیس کا آفیشل واٹس ایپ نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ شہری براہ راست شکایات درج کرا سکیں۔ مزید برآں، سول کالونی خار میں قائم تمام سرکل ڈی ایس پیز کے دفاتر ختم کر کے انہیں اپنے متعلقہ علاقوں میں خدمات انجام دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، تاکہ انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا کابینہ کے 23 ارکان پر احتساب کمیٹی کی تلوار لٹکنے لگی

منشیات کے خلاف جاری مہم کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ اس لعنت کا خاتمہ صرف پولیس کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تعاون سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، اور گزشتہ تین ماہ میں 16 منشیات فروشوں کو عدالت سے سزائیں دلوائی جا چکی ہیں۔

Scroll to Top