مہمند: لوئر مہمند میں واقع مہمند ڈیم کے قریب پہاڑی علاقے میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں گزشتہ 10 گھنٹوں سے مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ضلع مہمند اور چارسدہ سے فائر فائٹنگ ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ اس آپریشن میں 6 سے زائد فائر وہیکلز اور 35 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
آگ کی شدت کے باعث ضلع پشاور سے بھی اضافی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے دیگر اضلاع کی ٹیموں کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں حصہ لیا۔
ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف اطراف سے فائر فائٹنگ کی جا رہی ہے۔ مسلسل محنت کے بعد آگ پر 90 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ باقی حصے میں بھی آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پشاور ،پاک افغان گڈز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ پرقابو پالیا گیا
اس اہم آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور غیور مشتاق، چارسدہ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جواد حلیل، اور مہمند کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ مکمل قابو پانے تک فائر فائٹنگ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔





