پیکا ایکٹ کے تحت 24گھنٹوں میں 23مقدمات درج

لاہور: ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پولیس نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پیکا ایکٹ کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور کے مختلف تھانوں میں 23 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر اہم سیاسی اور سرکاری شخصیات کے خلاف جعلی اور نازیبا ویڈیوز اپلوڈ کرنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قومی اداروں کی تضحیک اور تمسخر پر مبنی مواد کی تشہیر کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اور ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت ترین سزا دلوائی جائے گی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد معاشرے میں انتشار پھیلانا اور اداروں کے خلاف منافرت کو ہوا دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس، پیکا ایکٹ سے متعلق منظور شدہ قرارداد وفاق کو بھیجنے کا فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ تمام قانونی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کیے جائیں گے تاکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

Scroll to Top