بھارتی گھٹیا پراپیگنڈے کا جواب آرمی چیف نے دیدیا، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر الزام لگایا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، جیسے ماضی میں دیا گیا۔

فیصل واوڈا نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ماضی کی طرح اب بھی جھوٹا پراپیگنڈا کیا ہے، جس کا مؤثر جواب پاکستان کی عسکری قیادت نے دیا۔

ان کے مطابق آرمی چیف نے نہ صرف بھارت کی فضائی حدود اور تجارت بند کر کے معاشی ضرب لگائی، بلکہ قومی سلامتی اور معیشت کے لیے درست سمت کا تعین بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک، مائنز اینڈ منرلز جیسے منصوبے آرمی چیف کے ویژن کا حصہ ہیں، جو بھارت کو پریشان کر رہے ہیں۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ “پاکستان خود بھی مضبوط ہے اور اس کا دوست ملک چین بھی طاقتور ہے، ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، لیکن اگر الزام تراشی کی گئی تو جواب دینا ہمارا حق ہے۔”

پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ آنے والے وقت میں پانی سونے سے بھی قیمتی ہوگا، اس لیے پاکستان اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاک-بھارت جنگ چھڑی تو اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے۔

سیاسی اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ وزیراعظم کو تمام قومی رہنماؤں، بشمول بانی تحریک انصاف، کو اکٹھا کرنا چاہیے تاکہ قومی سلامتی اور اتحاد کا مظاہرہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں بھارت دہشتگرد تنظیموں کو ہتھیار دے کر پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، خواجہ آصف

فیصل واوڈا نے کہا کہ اس وقت ملک کی کمانڈ ایک قابل آرمی چیف کے ہاتھ میں ہے، جن کے پاس واضح پلان آف ایکشن بھی موجود ہے، مگر افسوس کہ جمہوری قیادت میں ایسا کوئی لیڈر نظر نہیں آتا۔

Scroll to Top