پاکستان کے معروف اداکار فواد خان ایک بار پھر مودی سرکار اور ہندو انتہاپسندوں کے تعصب کا شکار ہو گئے، بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے فواد خان کی نئی فلم “عبیر گلال” کی ریلیز پر پابندی عائد کردی۔
فلم کی نمائش کو روکنے کا فیصلہ پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور سوشل میڈیا پر چلنے والی نفرت انگیز مہم کے تناظر میں کیا گیا، مختلف فلمی تنظیموں اور ہندو قوم پرست گروہوں نے فواد خان کے خلاف مہم چلاتے ہوئے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ فواد خان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے، ایکس پر ایک صارفین نے مطالبہ کیا کہ نہ صرف ’’عبیر گلال‘‘ پر مکمل پابندی عائد کی جائے بلکہ مستقبل میں کسی بھی پاکستانی فنکار کو بھارتی فلموں میں کاسٹ نہ کیا جائے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ فواد خان یا کسی پاکستانی فنکار کو بھارت میں ایسے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہو، اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں، خصوصاً پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں کے لیے بھارتی فلم انڈسٹری کے دروازے تقریباً بند کر دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ، بھارت نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی تسلیم کر لی
فلم ’’عبیر گلال‘‘ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جس میں فواد خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، فلم کی کہانی اور فنکارانہ ٹیم کو سراہا جا رہا تھا تاہم موجودہ حالات میں اس کی ریلیز اب غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔





