سی سی آئی کی منظوری تک کوئی نئی نہر تعمیر نہ کرنے کا فیصلہ قابلِ ستائش ہے، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متنازع نہروں کے معاملے پر وزیراعظم کے حالیہ اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی آئی کی منظوری تک کوئی نئی نہر تعمیر نہ کرنے کا فیصلہ قابلِ ستائش ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی  نے کہا کہ نہروں کی تعمیر کے معاملے پر وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مشترکہ موقف قومی وحدت کی عملی مثال ہے، جو ملک میں اتفاق رائے اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے سندھ طاس معاہدے پر بلاول بھٹو کے دو ٹوک مؤقف کو بھی سراہا اور اسے قابلِ تحسین قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے لیے اتفاق رائے کا رویہ نہایت ضروری ہے اور تمام قومی منصوبوں پر اکائیوں کی رضامندی حاصل کرنا خوش آئند طرزعمل ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ مشاورت اور بات چیت ہی تمام مسائل کا پائیدار حل ہے اور اسی رویے کو فروغ دے کر ہم قومی یکجہتی کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کینالز جیسے حساس منصوبے تکنیکی مہارت سے حل ہونے چاہییں: بلال اظہر کیانی

گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتےہوئے متنازع نہروں کی تعمیر کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعطم شہبازشریف نے کہا تھا کہ نئی نہروں کی تعمیر کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے گا،  مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی بروز جمعہ کو بلایا جارہا ہے جس میں وفاقی حکومت کے فیصلوں کی تائید کی جائے گی۔

Scroll to Top