نہروں کے معاملے پر سیاست سے گریز، چھوٹے صوبوں کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے، بیرسٹر سیف

نہروں کے معاملے پر سیاست سے گریز، چھوٹے صوبوں کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شکر ہے کہ نہروں کے حوالے سے دو سیاسی جماعتوں کی نورا کشتی فی الحال ختم ہو گئی ہے۔

بیرسٹر سیف نے نہروں کے معاملے پر سیاست سے گریز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے مفادات کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے۔

بیرسٹر سیف نے مشترکہ مفادات کونسل میں خیبر پختونخوا کے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبے کو نئے نہری منصوبوں سے نتھی کرنے کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کی۔

ان کا کہنا تھا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال کی منظوری 1991 میں مشترکہ مفادات کونسل نے دی تھی اور اس فیصلے کی روشنی میں تینوں صوبوں میں نہریں نکالی گئیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس منصوبے پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکا، حالانکہ صوبے نے اس منصوبے کے لیے 35 فیصد فنڈنگ کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سی سی آئی کی منظوری تک کوئی نئی نہر تعمیر نہ کرنے کا فیصلہ قابلِ ستائش ہے، گورنر خیبرپختونخوا

بیرسٹر سیف نے کہا کہ نہروں کے نئے تنازع میں چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کو متنازعہ بنانے کی بھرپور مخالفت کی جائے گی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کو محرومی کا شکار بنایا ہے۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو آباد کرنے کا ایک اہم ذریعہ بنے گا، جس سے صوبے میں زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

Scroll to Top