خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

راولپنڈی۔ خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے 15 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا جس کے دوران 8 خوارج جہنم واصل ہوئے۔

اسی طرح شمالی وزیرستان میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر سپوت، لانس نائیک عثمان مہمند (عمر 28 سال، ضلع چارسدہ) اور سپاہی عمران خان (عمر 26 سال، ضلع کرم) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں ہونے والی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے مزید 3 خوارج کو انجام تک پہنچا دیا۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہوتا رہا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Scroll to Top