پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے فضل الرحمان کے تحفظات دور کر دیے، اتحاد نہ رکھنے کا فیصلہ ان کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے تمام تحفظات دور کر دیے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو ڈی آئی خان کی سیاست سے متعلق تحفظات تھے، جس پر علی امین گنڈاپور نے بات چیت کے ذریعے انہیں اطمینان دلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جو کچھ بھی ہوگا، وہ پی ٹی آئی کی جانب سے کیا جائے گا اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمان اتحاد نہیں رکھنا چاہتے تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ اس سے قبل 26 ویں ترمیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ووٹ دیا تھا، اور اس بات چیت کا سلسلہ بھی جاری رہا تھا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کا لائحہ عمل بعد میں بتا دیا جائے گا۔





