وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کی کسی صورت غلطی نہیں کریگا، اور اگر بھارت نے مہم جوئی کی تو پاکستان کا جواب تاریخ میں یاد رکھا جائیگا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن مودی حکومت کی پہلی واردات نہیں ہے، بلکہ مودی کی سیاست مسلمان دشمنی اور مذہبی انتہا پسندی پر مبنی ہے۔ پہلگام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے گھروں کو گرایا جا رہا ہے اور بھارت میں مسلمانوں کے لیے زندگی تنگ کر دی گئی ہے، جس سے دو قومی نظریہ ایک ایک حرف کے ساتھ سچ ثابت ہو رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا مقصد پاکستان کے پانی کو بند کرنے کا بہانہ تھا، تاہم سندھ طاس معاہدے کی معطلی صرف مودی کی سیاسی بڑھک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دریا میں پانی چھوڑ دیا ہے، اور پاکستان کا ایک بوند پانی بھی بھارت نہیں روک سکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں سوشل میڈیا پر فالس فلیگ آپریشن پر شدید تنقید ہو رہی ہے، اور پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کو شکست دی ہے۔
طلال چوہدری نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کو بیک فٹ پر کر دیا ہے۔





