پنجاب کراس کرکے ہندوستان کو پاکستان پر حملہ نہیں کرنے دیں گے!رہنما تحریک خالصتان گرپتونت سنگھ پنوں

پنجاب کراس کرکے ہندوستان کو پاکستان پر حملہ نہیں کرنے دیں گے!رہنما تحریک خالصتان گرپتونت سنگھ پنوں

بھارتی فوج پنجاب کراس کرنے کی ہمت نہیں کر سکتی، نریندر مودی فاشسٹ دہشت گرد حکمران ہے، گرپتونت سنگھ پنوں

تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک خالصتان گرپتونت سنگھ پنوںنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ نہ 1965 ہے اور نہ ہی 1971، آج کے حالات میں بھارتی فوج کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ پنجاب کو کراس کر کے پاکستان پر حملہ کر سکے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم بھارتی فوج کو پنجاب سے آگے نہیں بڑھنے دیں گے، ہم اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت فاشسٹ اور دہشت گردی کو فروغ دینے والی حکومت ہے، جو اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے معصوم مسلمانوں اور اقلیتوں پر ظلم ڈھا رہی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پہلگام واقعے کو مودی حکومت نے سیاسی مفادات کے لیے خود اپنے ہی لوگوں کو نشانہ بنا کر استعمال کیا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کیا جا سکے،گریتوسنگھ پنوں نے کہا کہ مودی سرکار نے اپنی سیاسی بقا کے لیے پہلگام میں اپنی ہی برادری کے افراد کو قتل کیا، اور اس کا الزام پاکستان پر دھرنے کی کوشش کی۔

انہوں نےکہاکہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ بھارت کے پیش نظر یہ حملہ کیا گیا تاکہ عالمی ہمدردی حاصل کی جا سکے اور پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازش کو آگے بڑھایا جا سکے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی وہ پہلا بھارتی وزیر اعلیٰ تھا جس پر گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے سفری پابندیاں عائد کیں، آج یہی شخص پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسی اشتعال انگیز باتیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پاکستان کے خلاف پانی بند کرنے جیسی جارحانہ حکمت عملی اختیار کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہی ہے،گرپتونت سنگھ پنوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی ایسی کسی بھی مہم جوئی کا سخت اور تاریخی جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی کہ وہ بھارتی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے، خاص طور پر بالی ووڈ کے ذریعے نوجوانوں کے اذہان کو متاثر کرنے والی مہمات کا توڑ کرے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں زبردست ردعمل دے گا بلکہ دنیا بھر کو یہ حقیقت باور کروائے گا کہ دہشت گردی کا اصل چہرہ مودی حکومت ہے۔

آخر میں انہوں نے کہاپاکستان کی سلامتی کی خاطر ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، اور دنیا دیکھے گی کہ بھارت کو اس کی ہر جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top