بڑی کارروائی، سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں دراندازی کرنے والے 54 خوارج ہلاک کر دیئے

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 54 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب اور پھر 26 اور 27 اپریل 2025ء کی رات کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے راستے بڑی تعداد میں خوارج کی نقل و حرکت کو بروقت روک دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا اور کامیاب کارروائی کے دوران 54 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ دہشتگردوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ خوارج اپنے غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے اور  یہ کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ خوارج کس کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حالیہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کا مقصد پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹانا ہے تاکہ خوارج کو دوبارہ طاقت ملے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے اس کارروائی میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کا مظاہرہ کیا، جس سے ایک بڑے سانحے کو بروقت روک لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سب سے بڑی کامیابی ہے، اور اس سے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

Scroll to Top