فورسزنے54 خارجیوں کوگھیرکرآپریشن کےدوران ہلاک کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران 54 خوارج کو گھیر کر ہلاک کر دیا۔

محسن نقوی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے جو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی عزم و ارادے کو مزید مضبوط کرتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کوئی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، مگر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شہروں سے اب تک 8 دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پکڑی جا چکی ہیں، اور سب کو بخوبی علم ہے کہ دہشت گردوں کو فنڈنگ کون کر رہا ہے۔

وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ خوارج کو بیرونی آقاؤں نے دہشت گردی کے لیے پاکستان بھیجا ہے، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کو اس حملے سے قبل اطلاعات مل چکی تھیں اور فورسز نے خوارج کو تین اطراف سے گھیر کر کارروائی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ آج سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے اور اگر دہشت گردوں نے دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں ویسا ہی جواب ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی کارروائی، سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں دراندازی کرنے والے 54 خوارج ہلاک کر دیئے

انہوں نے یہ کہا کہ کچھ عرصے سے دہشت گردوں کے قدم اکھڑ چکے ہیں اور وہ دوبارہ پاکستان میں داخلے کی کوشش کریں گے، جسے فورسز پکڑ کر جواب دیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی تمام سازشوں کو ناکام بنائے گا اور بھارت کو بھی واضح پیغام دیا کہ اگر اس نے کوئی حرکت کی تو اسے مناسب جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top