وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کے دوران 54 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بروقت روکا اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بہترین مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنے عزم میں غیر متزلزل ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فورسزنے54 خارجیوں کوگھیرکرآپریشن کےدوران ہلاک کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 54 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے ، یہ گروہ خوارج پر مشتمل تھا جو پاکستان اور افغانستان سرحد کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی کوشش کر رہے تھا۔





