اسلام آباد: مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشن کا پول خود بھارت میں کھل رہا ہے، اور بھارتی عوام اب مودی حکومت کے ڈراموں پر مزید یقین کرنے کو تیار نہیں۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت کی اہم سیاسی، صحافتی اور سماجی شخصیات مودی سرکار کے اس فلاپ ڈرامے کو بے نقاب کر رہی ہیں۔ اپوزیشن سمیت بھارتی سیاسی حلقے اس کمزور اسکرپٹ کو سچ تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام میں اب شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ مودی کے پروپیگنڈا پر مزید بھروسہ نہیں کرتے۔
بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ مودی اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو واپس حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کا ماضی قتل و غارت گری سے بھرا ہوا ہے، اور پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں عمران خان جیسی مقبول قیادت کی ضرورت ہے، کیونکہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومت کو نہ تو قانونی حیثیت حاصل ہے اور نہ ہی عوامی حمایت۔ بیرسٹر سیف نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے تحت بننے والے وزیر دفاع میں وہ صلاحیت اور سہولت موجود نہیں جو ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے درکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانا بھارت کا نیا پروپیگنڈہ ہے، مولانا فضل الرحمان
بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ پاکستان کو داخلی استحکام اور مضبوط عوامی قیادت کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرنا ہوگا۔





