پہلگام واقعہ ، چین نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا ، بھارت کو تحمل اور مذاکرات کا مشورہ

پہلگام واقعہ ، چین نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا ، بھارت کو تحمل اور مذاکرات کا مشورہ

چین نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے واقعے پر پاکستان کے مؤقف کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے کوششوں کی تائید کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں اور اس کے خودمختاری و سلامتی کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے واقعے کی شفاف، منصفانہ اور بروقت تحقیقات کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ بیان میں چین نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔

واضح رہے کہ چار روز قبل پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح جاں بحق ہوگئے تھے، بھارت نے واقعے کا الزام بلا ثبوت پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے سمیت متعدد سخت اقدامات اٹھائے تھے۔

پاکستان نے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واقعے کی عالمی سطح پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی۔ ساتھ ہی پاکستان نے بھرپور سفارتی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے دنیا بھر کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور صورت حال سے آگاہ کیا۔

جوابی اقدامات کے تحت پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے اپنی فضائی حدود بھارتی ایئرلائنز کے لیے مکمل طور پر بند کر دی اور بھارتی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔

چین کی حمایت کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو خطے میں توازن قائم رکھنے کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top