شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب سینیٹائزیشن آپریشن جاری ، جس میں مزید 17 غیر ملکی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب سینیٹائزیشن آپریشن جاری رکھا، جس میں مزید 17 غیر ملکی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں،یہ کارروائی پاک افغان سرحد سے ملحقہ حسن خیل کے علاقے میں کی گئی۔
اس سے قبل، 54 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعدسکیورٹی فورسز نے علاقے کی صفائی کے لیے ایک نیا آپریشن شروع کیا تھا۔ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد اپنے بیرونی آقاؤں کے ایما پر سرگرم تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس کامیاب کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والی اس کارروائی میں 54 غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ امن، استحکام اور خوشحالی کے دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے میں کامیاب ہوں گی۔





