بھارت کے خلاف خیبرپختونخوا میں پانچویں روز بھی احتجاجی مظاہرے

پشاور ۔ خیبرپختونخوا بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے پانچویں روز بھی جاری رہے۔ مظاہرین نے مودی حکومت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی۔

خیبرپختونخوا کے مختلف بازاروں میں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ریلیوں کے شرکاء نے بھارت، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اور پاکستان کی مسلح افواج کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کشمیر اور پاکستانی افواج کے حق میں نعرے درج بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

باجوڑ کے خار بازار میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بھارتی جارحیت اور پہلگام حملے میں بھارت کی پراکسی کارروائیوں کے خلاف اظہار مذمت کیا گیا اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ)، اسسٹنٹ کمشنر خار، تحصیل چیئرمین اور ٹریڈرز یونین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ: مقبوضہ کشمیر نے مودی کی پالیسیاں ٹھکرا دیں

ریلی کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور بھارتی جارحیت و پہلگام حملے میں بھارتی پراکسی کردار کے خلاف متحد ہو کر ایک مضبوط پیغام دینا تھا۔

اسی طرح ایبٹ آباد، کرم، لوئر دیر، خیبر، دیر اپر اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ریلیاں منعقد ہوئیں۔ ان ریلیوں کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں اور مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مشکل وقت میں فوج کی بھرپور حمایت کا عزم دہرایا۔

Scroll to Top