میڈرڈ: اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے ملک میں پیش آنے والے بڑے پیمانے پر بجلی کے بلیک آؤٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ماہرین کی ٹیم واقعے کی مکمل تحقیقات میں مصروف ہے۔
وزیر اعظم سانچیز کے مطابق بلیک آؤٹ کے باوجود عوامی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا اور حکومت صورت حال پر مکمل کنٹرول رکھے ہوئے ہے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق بحران کی ممکنہ وجہ یورپی پاور گرڈ میں اچانک اتار چڑھاؤ کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ آنے تک کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شمالی اسپین کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ شہریوں کے گھروں تک فوری بجلی بحال کی جائے تاکہ معمولات زندگی کم سے کم متاثر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں کھیل میں سیاست، بھارت سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ سے فرار
پیدرو سانچیز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اس بحران سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور جلد صورتحال مکمل طور پر معمول پر آ جائے گی۔





