اسلام آباد: سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی دھمکیوں کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن ایک صفحے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن مکار اور عیار ہے، ہمیں ہر وقت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔
عرفان صدیقی نے پہلگام حملے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر پہلے ہی درج کر لی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے بھارت کے جھوٹ کا ساتھ نہیں دیا اور بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، پاکستان کے پانی پر قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانی کا بہاؤ روکا گیا تو خون بہے گا۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ پہلگام حملے کے بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام دھر دیا گیا، حالانکہ مقبوضہ کشمیر میں ہر قدم پر بھارتی چوکیاں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی موجود ہے، اس کے باوجود اب تک ایک بھی ملزم گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کے آبی جارحیت کے عزائم پر فیصل واوڈا کا دوٹوک پیغام
عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا کہ جب کشمیر میں سات لاکھ بھارتی فوج موجود ہے تو چند حملہ آور کیسے لوگوں کو قتل کر کے فرار ہو گئے؟
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارت کی عیاریوں کا مقابلہ قومی اتحاد اور ہوشیاری سے ہی ممکن ہے۔





