بھارت میں پاکستانی صحافیوں کے چینلز بند کرنے پر عطا تارڑ کا شدید ردعمل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کے بعد پاکستانی میڈیا، صحافیوں اور اینکرز کے یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اطلاعات نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ اپنے فون کالز کے دوران بھارت کے اس اقدام کو ناپسندیدہ قرار دیا اور متاثرہ صحافیوں اور میڈیا تنظیموں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ عمل عالمی سطح پر اس کے بیانیے کی ناکامی کو چھپانے کی کوشش ہے، مگر یہ حقائق کو نہیں دبا سکتا اور نہ ہی پاکستان کے موقف کو دنیا سے چھپایا جا سکتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے پاکستانی میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صحافیوں نے بھارت کے پروپیگنڈے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا اور پاکستان کے موقف کو دنیا کے سامنے منطق اور پیشہ ورانہ مہارت سے پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی صحافیوں نے اپنی ذمہ داری کے تحت حب الوطنی پر مبنی رپورٹنگ کی، جو قومی وقار کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اپنے عالمی شرمندگی کو چھپانے کے لیے اس طرح کی پابندیاں لگا رہا ہے، مگر اس سے عالمی سطح پر اس کی حیثیت متاثر ہو گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی پلیٹ فارمز پر اٹھائے گا تاکہ بھارت کی جانب سے صحافتی آزادی کی خلاف ورزی کو بے نقاب کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کا جھوٹ عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستانی میڈیا پر بھارت کی پابندی بین الاقوامی صحافتی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، اور حکومت اس معاملے میں متاثرہ صحافیوں اور میڈیا اداروں کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت میڈیا اداروں کی مکمل حمایت کرتی ہے، جو پاکستانی بیانیے کو عالمی سطح پر درست انداز میں پیش کرتے ہیں۔

Scroll to Top