پاک بھارت کشیدگی: خیبرپختونخوا کے 29 اضلاع میں جنگی سائرن لگانے کی ہدایت

پشاور: بھارت کے جنگی جنون اور لائن آف کنٹرول پر پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کے باعث خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 29 اضلاع میں جدید وارننگ سائرن نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام کنٹرولرز سول ڈیفنس اور ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ مراسلہ پشاور، مردان، چترال سمیت 29 اضلاع کو ارسال کیا گیا ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر 50 جدید سائرن نصب کیے جائیں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سائرن کی تنصیب کا مقصد شہری علاقوں، بازاروں، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم مقامات پر بروقت وارننگ فراہم کرنا ہے تاکہ کسی ممکنہ جنگی خطرے یا فضائی حملے کی صورت میں عوام فوری طور پر حفاظتی اقدامات کر سکیں۔

تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سائرن کی تنصیب سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں، جیسے سائرن کہاں نصب کیے گئے ہیں، کون ان کی نگرانی کرے گا اور ان کی فعالیت کی رپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کی جائیں۔ سول ڈیفنس افسران کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام سائرن چیک کریں، ان کی سروس کروائیں اور درست حالت میں رکھنے کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں پاک، بھارت بڑھتی کشیدگی کم کرانے کیلئے عالمی برادری سرگرم

حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت پر جنگی جنون سوار ہے اور ایل او سی پر حالات مسلسل کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں، اس صورتحال کے پیش نظر تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ حکومت اور عوام، دونوں وطن کے دفاع کے لیے پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔

Scroll to Top