بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کر سکتا، احسن اقبال

دبئی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے سے یکطرفہ طور پر دستبرداری کا کوئی حق حاصل نہیں، ورلڈ بینک اس معاہدے کا ضامن ہے اور اس پر عمل درآمد کرانا اس کی ذمہ داری ہے۔

دبئی میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سفارتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات کے حکام سمیت سعودی عرب، چین، ایران، ترکیہ، یورپ اور افریقہ کے مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔

احسن اقبال نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اپنے سفارتی تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارت پر دباؤ ڈالے گا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کرے۔

وزیر منصوبہ بندی نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی حالیہ اشتعال انگیز سرگرمیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے جارحیت کا راستہ اپنایا تو اس کا نقصان خود بھارت کو ہی اٹھانا پڑے گا۔ پاکستان ہر ممکنہ صورتحال کے لیے مکمل تیار ہے۔

اپنے خطاب میں احسن اقبال نے عالمی سفارتی برادری کو پاکستان کے معاشی اہداف سے آگاہ کیا جن میں اگلے دس سال میں برآمدات کو 100 ارب ڈالر اور معیشت کو 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی معاشی پارٹنر کے طور پر پیش کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ معطلی،بھارت کویکطرفہ فیصلے پر عالمی تنقید کا سامنا

تقریب سے قونصل جنرل محمد حسین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، تاہم معاشی ترقی کے ذریعے پاکستان اپنے اہداف کے حصول کی جانب گامزن ہے۔

Scroll to Top