ملک بھر میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم مئی سے 7 مئی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں متوقع شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، شمالی مشرقی بلوچستان اور سندھ کے بعض اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے، جب کہ کسانوں کو اپنی فصلوں اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





