قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نےکہا ہےکہ بھارت ہمیں ڈرا نہیں سکتا، پاک فوج کا مقابلہ اُس کے بس کی بات نہیںہے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کی حالیہ دھمکیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمیں ڈرا نہیں سکتا اور نہ ہی وہ پاکستان کی مضبوط اور پیشہ ور فوج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شاہد آفریدی نے بھارت کی اشتعال انگیز بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہمیں صرف ڈرانا چاہتے ہیں لیکن بھول جاتے ہیں کہ ہم ایک طویل عرصے سے حالت جنگ میں ہیں، ہماری فوج جس تربیت، نظم و ضبط اور عزم سے لیس ہے، اُس کا بھارت تصور بھی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نہ دہشتگردی کی حمایت کرتے ہیں اور نہ ہمارا دین اس کی اجازت دیتا ہے، اسلام امن کا دین ہے اور ہم نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر رہ کر جنگ لڑی ہے۔
شاہد آفریدی نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے فالس فلیگ آپریشن جیسے ڈرامے رچائے، جن میں پہلگام واقعہ قابل ذکر ہے۔ اس پر انہوں نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ’’نکما‘‘ قرار دیا تھا۔ اس بیان پر بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے تنقید کی، جس کے جواب میں شاہد آفریدی نے فوجی وردی پہنے چائے کا کپ تھامے ایک طنزیہ تصویر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کی اور شیکھر دھون کو ’’چائے پیش‘‘کر دی۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر عروج پر ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات کے بعد پاکستان نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شاہد آفریدی کے مطابق، ’’امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے، لیکن اگر کسی نے جنگ مسلط کی تو پوری قوم اور فوج دفاع کے لیے تیار ہے۔‘‘





