وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے اقدامات ہماری توجہ کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف کوششوں سے ہٹا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ۔
وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت اور پہلگام واقعہ کی بین الاقوامی تحقیقات کے لیے پیشکش کی توثیق پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کا پانی کو جارحیت کیلئے بطور ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت کسی فریق کو یکطرفہ معاہدے سے انحراف کا حق نہیں ہے، جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے اقدامات ہماری توجہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے کے خلاف کوششوں سے ہٹا سکتے ہیں، یہ گروپ افغانستان کے اندر سے کام کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:مودی سرکار کو ایک اور جھٹکا، فرانس کا بھارت کو رافیل طیاروں کا سورس کوڈ دینے سے انکار
چینی سفیر نے پاکستان کے نکتہ نظر اور حقائق پر روشنی ڈالنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔





