کشمیریو ں کی پاکستان سے محبت اور جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا،انجینئر امیر مقام کا چکوٹھی میں خطاب

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں شہیدوں، مجاہدوں اور غازیوں کی سر زمین پر موجود ہوں۔ یہ وہی جگہ ہے کہ جہاں دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے کیپٹن سرور شہید نے دشمن کے ساتھ دلیری کے ساتھ لڑ کر جام شہادت نوش کیا اور نشان حیدر حاصل کیا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے لائن آف کنٹرول کے علاقے چکوٹھی میں “یکجہتی کشمیر ” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے لائن آف کنٹرول علاقوں کے دوران کشمیریوں میں پاکستانیت کیلئے جذبہ اور محبت دیکھی ہے۔ کشمیریوں کی اس محبت اور جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ایل او سی کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کسی صورت کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہم ملک کی حفاظت کیلئے یا شہید ہوں یا غازی بنیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔ بھارت کی خام خیالی ہے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ نہیں ہیں یہاں کی عوام ملکی سلامتی کے لیے دفاعی لائن کے سپاہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھی۔

سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا مشکل کی اس گھڑی میں لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں مسلح افواج کے سربراہ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو کشمیری افواج پاکستان کے ساتھ لڑیں گے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے آزاد کرانے کیلئے ہم دفاعی لائن پر موجود رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کے عوام نے دہائیوں سے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ آج بھی یہاں کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کیلئے دفاعی لائن پر پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنا چاہتا ہے۔ آج کے دن سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر سب متحد ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کشمیر کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیں۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نےکہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر بھارت کو سب سے زیادہ کھٹکتے ہیں۔ ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس خطے کو آزاد کرایا ہے اور ہم اس کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نےجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں کے عوام ایک ہی طرح کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ ہندوستان نے اگر کوئی مس ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پورے آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بھارت کو دندان شکن جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے اگر اس نے کوئی غلطی کی تو یہاں سے صرف اس کی لاشیں جائیں گی۔

یکجہتی کشمیر جلسے میں سابق وزراء حکومت راجہ مشتاق منہاس، محترمہ نورین عارف، بیرسٹر افتخار گیلانی، ڈاکٹر مصطفی بشیر اور مرتضی گیلانی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے “یکجہتی کشمیر ” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے خود ساختہ واقعہ پہلگام کوپاکستان کے ساتھ جوڑنے پر مودی کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا مشکل کی اس گھڑی میں لائن آف کنٹرول کے علاقے چکوٹھی آمد پر شکریہ ادا کیا اور بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کرنے کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرنے کا عزم بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرمیں منکی پاکس پھیلاؤ کا خدشہ،علاقہ پمپ ہاؤس غنڈی میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

یکجہتی کشمیر جلسے میں مسلم لیگ ن کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر افواج پاکستان اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

Scroll to Top