پاکستان کی اقوام متحدہ کو پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی پیشکش

اسلام آباد: پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کا تحقیقاتی کمیشن بنانے کی پیشکش کر دی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یا تو دو تین ممالک مل کر اس واقعے کی تحقیقات کریں یا اقوام متحدہ کا کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس پیشکش کو اس لیے قبول نہیں کر رہا کیونکہ اُسے خدشہ ہے کہ اصل حقائق کہیں بے نقاب نہ ہو جائیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کشیدگی کے باوجود بات چیت کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔ دنیا بھر کی طاقتیں جیسے امریکا، روس، چین، ترکی یا ایران اس تحقیقات میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مودی کو سندھو کا گلا گھونٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھو سے پانی بہےگا یا اُن کا خون، بلاول

وزیر دفاع نے واقعے کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں واقعہ ہوا اور صرف دس منٹ میں ایف آئی آر بھی درج کر دی گئی، جو اس سارے عمل پر شکوک پیدا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خود بھارت کے اندر سے پہلگام واقعے کی ساکھ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ پاکستان میں مشیر قومی سلامتی کی تقرری کا بھارت سے مذاکرات کے امکانات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Scroll to Top