سیاسی انتشار کا خاتمہ ضروری، ورنہ ملک کی ترقی خواب بن جائے گی، شاہد خاقان

کوئٹہ: سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں سیاسی انتشار کو ختم نہیں کیا جائے گا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان گزشتہ 10 سے 15 سالوں سے مختلف سانحات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان کی شاہراہیں محفوظ نہیں اور صوبے کی معیشت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے نوجوان مایوس ہو چکے ہیں، اور یہ سوال اٹھایا کہ آخر بلوچستان میں یہ مسائل کیوں پیدا ہو رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سیاسی انتشار ختم نہیں ہوگا اور قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوگی، ملک کے معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق وسائل کی تقسیم اور معاملات چلانے کی ضرورت ہے، اور اگر اس سے باہر جائیں گے تو مسائل بڑھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں پہلگام حملے پر آذربائیجان کا پاکستان کے حق میں بیان سامنے آگیا

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ پاکستان امیر ہو اور بلوچستان غریب رہے۔ بلوچستان کے وسائل کو یہاں کے نوجوانوں تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو حقیقی نمائندگی اور وسائل فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ پاکستان پر لازم ہے، لیکن اس کی جڑ تک پہنچنا ضروری ہے۔ بلوچستان میں اغوا اور قتل کی وارداتیں ہو رہی ہیں اور ایسے حالات میں ملک کے معاملات درست نہیں چل سکتے۔

Scroll to Top