صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں بھارت کے ساتھ بڑھتی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔ شرکاء نے پہلگام حملے کے بعد بھارتی قیادت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ رویے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق بھارتی رویہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ اس سے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اپنی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، جو ہر خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ملاقات کے دوران بھارت کی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات عائد کیے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کے اندر عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے کردار کا نوٹس لے۔

یہ بھی پڑھیں پہلگام حملے پر آذربائیجان کا پاکستان کے حق میں بیان سامنے آگیا

صدر آصف علی زرداری نے موجودہ صورتحال میں حکومت کے ذمہ دارانہ اور مؤثر ردعمل کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کا تحفظ کرے گا۔

اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کی کوویڈ 19 سے صحت یابی پر ان کی خیریت دریافت کی۔

Scroll to Top