خیبر:منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ، جمرود میں 12 دن کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

خیبر: منکی پاکس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر خیبر کے علاقے جمرود میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راو کے مطابق یہ لاک ڈاؤن 12 دن کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن پمپ ہاؤس غنڈی محلے میں ایک تصدیق شدہ منکی پاکس کیس سامنے آنے کے بعد نافذ کیا گیا۔ اس دوران محلے میں داخلے اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہو گی، صرف انتہائی ضروری اشیاء جیسے راشن، ادویات، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروسز کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کا مقصد مرض کے مزید پھیلاؤ کو روکنا ہے اور علاقے میں مکمل نگرانی جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر جمرود اور خیبر پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top