پاکستانی سکھ کمیونٹی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے، چیئرمین پاکستان سکھ کمیونٹی رادیش سنگھ نے کہا کہ پوری دنیا اور پاکستان کی سکھ برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،
رادیش سنگھ نے پہلگام واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت پاکستان کے دفاع میں یکجہتی اور اتحاد کا ہے اور سکھ برادری ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
سربت سنگھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے سکھ کمیونٹی ہر وقت حاضر ہے اور یہ ممکن نہیں کہ ہندوستان کی سکھ برادری پاکستان کے خلاف ہو۔
ہربجن سنگھ نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ایک خون کا قطرہ پاکستان کے لئے لڑے گا اور ہم پاکستان کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام حملہ سیکیورٹی پالیسی کی ناکامی، انسداد دہشتگردی کے ماہر مودی پر برس پڑے
وریام سنگھ نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں، اور پاکستانی سکھ کمیونٹی نے اپنے ملک اپنی زمین اور اپنی ماں کے ساتھ مکمل وفاداری کا عہد کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کی تمام اقلیتیں اپنے وطن کے ساتھ ہیں۔
پاکستانی سکھ کمیونٹی کا یہ عزم اور وفاداری، پاکستان کے دفاع میں ایک اہم پیغام ہے کہ تمام اقلیتی گروہ اپنے ملک کے لیے متحد اور وفادار ہیں۔





