وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، موجودہ حالات میں کوئی ایسی صورتحال نہیں آئی جس میں پوزیشن یا تیاری میں نرمی لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم زیادہ الرٹ پر ہیں اور دشمن پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، بین الاقوامی برادری کی کوششیں جاری ہیں جن سے کشیدگی کم ہو سکتی ہے، امریکا اور دیگر دوست ممالک بھی صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے جعلی وارداتیں کر کے 2 ارب کی آبادی کو پریشان کیا جا رہا ہے، اگر ایسی کوئی صورتحال ہوئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مودی نے بھارت میں آمریت نافذ کر دی ہے، بیرسٹر سیف
پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کو ملکی سیکیورٹی کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ہے، انہوں نے کہا پارٹیوں کی وابستگی پہلے ملک سے ہونی چاہیے پھر کسی سیاسی وفاداری کی نوبت آتی ہے۔





