وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نےملاقات کی ہے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوط یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا واضح موقف بیان کرتے ہوئے وزیراعظم شبہاز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی تمام شکلوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور گزشتہ برسوں میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں۔
وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کیا اور اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب سمیت تمام برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالیں، وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی دیرینہ خواہش کا اعادہ کیا۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس اہم معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کا اناڑی پائلٹ ایکسپریس وے پر طیارہ لینڈ کرنے میں ناکام ہوگیا
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا





